نئی دہلی، 20؍فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے فتح پور کی ریلی میں کی گئی تقریر کے دوران ’قبرستان، شمشان، عید، دیوالی‘ والے بیان پر الیکشن کمیشن سے سخت قد م اٹھانے کی اپیل کی ہے۔کانگریس نے کہا کہ وزیر اعظم ملک کے آئین اور قانون سے اوپر نہیں ہے، اس لیے ان کے خلاف سخت کاروائی ہونی چاہیے ۔کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر آنند شرما نے پیر کو پریس کانفرنس میں کہاکہ وزیر اعظم کو سماج کے نام پر، مذہب کے نام افراتفری پھیلانا ،لوگوں کے جذبات کو مشتعل کرنا یا کسی طرح معاشرے میں کشیدگی پھیلانا زیب نہیں دیتا، وزیر اعظم ملک کے آئین اور قانون سے اوپر نہیں ہیں۔شرمانے کہا کہ وزیر اعظم ہندوستان کے رائے دہندگان کے ضمیر اور سوجھ بوجھ کی توہین نہ کریں، اب یہ الیکشن کمیشن کہ ذمہ داری ہے کہ معاملے پر کاورائی کرے ۔آنند شرما نے کہاکہ وزیر اعظم کو یہی زیب دیتا کہ وہ اپنے 32ماہ کا حساب و کتاب دیتے، ایک سال میں دو کروڑ لوگوں کو روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا، اس حساب سے اس سال مئی تک 6کروڑ لوگوں کو روزگار مل جانا چاہیے تھا، لیکن اب تک صرف ایک لاکھ 15ہزار افراد کو ہی ملازمت مل پائی ہے ۔ شرمانے کہا کہ نوٹ بند ی کے بعد غیر منظم علاقے کی 75فیصد فیکٹریوں کے بند ہونے سے روزگار میں انتہائی کمی آئی ہے، نوٹ بند ی سے کتنی بلیک منی آئی ہے؟ اس کا انکشاف آج تک نہیں ہوا، جعلی نوٹ ملنے کے واقعات اور بڑھ گئے ہیں۔وہیں کانگریس کے قانونی سیل کے انچارج کے سی متل کے مطابق ،وزیر اعظم مودی کی تقریر کی ویڈیو کلپ بھی عوامی ووٹ کو تقسیم کرنے اورپولرائزیشن کرنے کی کوشش ہے، الیکشن کمیشن کو اس سلسلہ میں فوری کارروائی کرنی چاہیے ۔قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم مودی نے فتح پور کی ریلی میں اتوار کو کہا تھا کہ مذہب کی بنیاد پر کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے ، ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس ‘کے منتر کے ساتھ میں آپ سے آشیرواد لینے آیا ہوں۔انہوں نے کہا تھا کہ گاؤں میں قبرستان بنتا ہے تو شمشان بھی بننا چاہیے ، رمضان میں بجلی آتی ہے تو دیوالی میں بھی آنی چاہیے ۔